گرمی سے زیادہ اموات پنجاب میں ہونگی یہ رپورٹ بہت تشویشناک : لاہور ہائیکورٹ
زیادہ آلودگی گاڑیوں سے ہورہی ،ماحولیات سے متعلق حکومت سے ہر کام زبردستی کرواتے ہیں،جسٹس شاہد کریم سموگ تدارک کیس میں سرکاری محکموں سے عملدرآمد رپورٹ طلب ،درخت کاٹنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم
لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں آئندہ سماعت پر سرکاری محکموں سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے چودہ درخت کاٹنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ،عدالت میں مختلف سرکاری محکموں نے اپنی رپورٹس عدالت میں داخل کردیں، پی ایچ اے نے درختوں کو ٹرانسپلانٹ کرنے کے حوالے سے رولز عدالت میں پیش کرد یئے ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جوڈیشل واٹر کمیشن ان رولز کا جائزہ لے اور اگر کوئی چیز مزید شامل کرنی ہوئی تو وہ شامل کریں، پنجاب یونیورسٹی سے درختوں کے کاٹے جانے پر جوڈیشل کمیشن نے رپورٹ پیش کی، ممبر جوڈیشل واٹر کمیشن نے موقف اپنایا کہ جو درخت کاٹے گئے ، وہاں درخت لگا د ئیے گئے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گرمی سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوں گی،یہ رپورٹ بہت تشویش ناک ہے ، سب سے زیادہ گاڑیوں سے آلودگی ہورہی ہے ،ہر موومنٹ میں گاڑیوں کو ایک گھنٹے کے لیے روک دیا جاتا ہے ،ہر دن ایسی تین چار موومنٹ ہوتی ہیں ،حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ماحولیات سے متعلق حکومت سے ہم ہر کام زور زبردستی سے کرواتے ہیں، وہ ہر کام کرنے میں ہچکچا رہی ہے۔