پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف مظاہرے،نوجوان حالات بدلنے کیلئے باہر نکلیں:حافظ نعیم
اضافہ واپس نہ لیا تو ملک گیر تحریک کی کال دینگے ،چاروں صوبوں میں وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کا گھیراؤ کیا جا ئیگا،خطاب ملتان روڈ ،مال روڈ ،کراچی ،جیکب آباد ، شکارپور ، دادو و دیگر شہروں میں احتجاج، خاموش نہیں بیٹھیں گے ،مقررین
لاہور، کراچی (سیاسی نمائندہ، سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف ملک بھر کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ لاہور میں مال روڈ پر دھرنا دیا گیا جبکہ ملتان روڈ پر بھی بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔منصورہ میں وسطی پنجاب کے عوامی کمیٹیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک، دھرنوں اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کا گھیراؤ کیا جائے گا، عوام بھرپور تحریک کی تیاری کریں اور نوجوان باہر نکل کر حالات بدلنے کیلئے جدوجہد کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت فی لیٹر پٹرول پر 200 روپے سے زائد ٹیکس وصول کر رہی ہے جو عوام کا استحصال ہے ، پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے ۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت کم تھی تو کیا اس وقت عوام کو ریلیف دیا گیا؟حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیاں اور مراعات بدستور جاری ہیں، سرکاری سطح پر مہنگی گاڑیاں اور دیگر سہولیات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔مال روڈ لاہور پر دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی، جہاں کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ظلم پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔سندھ میں بھی کراچی تا کشمور مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ جیکب آباد، شکارپور، دادو، جامشورو، کندھ کوٹ، ٹنڈو آدم، شہدادکوٹ، شہدادپور، تھرپارکر، حیدرآباد، لاڑکانہ، سانگھڑ، ٹھٹھہ اور ٹنڈو محمد خان سمیت دیگر علاقوں میں شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی بڑی تعداد میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔