پٹرولیم قیمت میں اضافہ بلاجواز نظرثانی کی جائے ،وکلا تنظیمیں
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی اور سندھ بار کونسل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے فوری نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔
بار تنظیموں کی جانب سے جاری علیحدہ علیحدہ اعلامیوں میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا غیر معمولی اور بلاجواز اقدام ہے ، جس نے عوام پر ناقابل برداشت مالی بوجھ ڈال دیا ہے ۔ اس اضافے سے نہ صرف مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا بلکہ عام آدمی کے لیے بنیادی ضروریات کا حصول بھی مشکل تر ہو جائے گا۔ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت ایک جانب اسمارٹ لاک ڈاؤن جیسے اقدامات کے ذریعے ایندھن کے استعمال میں کمی کی کوشش کر رہی ہے ، جبکہ دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایک متضاد پالیسی کی عکاسی کرتا ہے ۔ اگر اس مسئلے کو فوری حل نہ کیا گیا تو عوام کو درپیش مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا اور اس اقدام کے خلاف شدید ردعمل سامنے آسکتا ہے ۔ ادھر ملیر بار ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی سخت مذمت اور پیر کو احتجاج کا اعلان کردیا۔ ملیر بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری فیض حسین سامو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام پر غیر منصفانہ بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے ۔پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف پیر کو دوپہر 12 بجکر 30 منٹ پر ملیر بار ایسوسی ایشن کے احاطے میں احتجاج کیا جائے گا۔