ملک میں تاریخی مہنگائی، حکومت کے منی بجٹ کی حمایت کرینگے : بلاول

ملک میں تاریخی مہنگائی، حکومت کے منی بجٹ کی حمایت کرینگے : بلاول

ایران کے خلاف اسرائیل،امریکاکی غیر قانونی جنگ کا بوجھ ہر پاکستانی اٹھا رہا ،خدشہ ہے یہ پوری دنیا میں پھیل جائے گی فلسطین،لبنان،ایران ودیگر ممالک پر حملہ کرنیوالے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے ،بھٹو کی برسی پرخطاب

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کا بوجھ ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے ، عوامی ریلیف کیلئے حکومت بے نظیر انکم سپورٹ کو استعمال کرے ، اگر منی بجٹ لانا ہے تو ہم حمایت کریں گے۔ لاڑکانہ میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اور توانائی بچت کے تحت تقریب کو مختصر رکھا گیا، جس میں صرف دو ڈویژن کی تنظمیں شامل ہیں۔ انہوں نے تقریر کے آغاز پر ایران کے خلاف جنگ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای سمیت دیگر کی شہادت اور اسکول پر حملے میں معصوم طالبات کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کچھ قوتیں نفرت اور تقسیم پر یقین رکھتی ہیں اور اسی پر عمل پیرا ہیں، ایران جنگ نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا اور اب خدشہ ہے یہ جنگ پوری دنیا میں پھیل جائے گی کیونکہ اب اس کے اثرات صرف ایران تک محدود نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، دعا ہے جلد ختم اور امن قائم ہو، ایران کے ساتھ امریکا اور اسرائیل کی جنگ کا بوجھ ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا ایران، فلسطین، لبنان اور دیگر ممالک پر حملہ کرنے والے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے ۔بلاول بھٹو نے کہا مشکل حالات میں عوامی ریلیف کیلئے وفاق کی طرح صوبائی حکومتیں بھی فنڈز کی کٹوتی کر کے حصہ ڈال رہی ہیں، سندھ حکومت نے کسان کارڈ کے ذریعے چھوٹے کسانوں کو مالی مدد کا پلان بنایا ہے اور یہ منصوبہ جلد شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا آج ملک میں تاریخی مہنگائی اور بحران ہے ، جس سے عوام کو بچانے کیلئے صوبائی حکومت کچھ ریلیف فراہم کرے گی، ہم کسانوں اور موٹرسائیکل چلانے والے کو فائدہ دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے چھوٹے کسانوں اور موٹرسائیکل مالکان پر زور دیا کہ وہ خود کو رجسٹر کرائیں کیونکہ معلوم نہیں یہ صورتحال کب تک جاری رہے گی، اگر ایسے ہی بحران رہا تو ہوسکتا ہے وفاق اور صوبے ملکر عوام کی مدد کرنے کا نیا پلان تشکیل دیں۔انہوں نے واضح کیا جو موٹرسائیکل نام پر ہے اسے ریلیف ملے گا، شناختی کارڈ نمبر اور نام پر موٹرسائیکل کرائیں، گاڑی نام کرنے والی ٹرانسفر فیس کو معاف کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا معاشی مشکلات میں فیصلہ کیا کہ صوبے میں جوبھی سرکاری یا پرائیویٹ پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات ہیں انہیں مالی سپورٹ دی جائے تاکہ کرایے میں اضافہ نہ ہو جبکہ وفاق کے ساتھ مل کر ڈیزل کی قیمت میں اضافے پر ٹرانسپورٹرز کو سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ بلاول نے بتایا کہ تمام صوبے اپنے وسائل سے وفاق کے فنڈ میں حصہ ڈالیں گے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو سہولت دی جائے اور کرایے نہ بڑھیں۔ انہوں نے کہا ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ معاشی بحران کے لیے یہ اقدامات ناکافی ہیں کیونکہ عوام سخت و مشکلات سے دوچار اور ان کا مقابلہ کررہے ہیں۔وفاق اور صوبائی حکومتیں جتنے وسائل ہیں ان کے مطابق اقدامات کریں گی تاکہ غریب کو ریلیف دیا جائے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ وفاقی حکومت کے پاس بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے ، جس سے چاروں صوبوں میں شفافیت کے ساتھ مالی مدد پہنچائی جارہی ہے ۔ انہوں نے وفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی مدد کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو استعمال کیا جائے اور بجٹ کو بڑھایا جائے ، اگر اس کیلئے وفاقی حکومت منی بجٹ لاتی ہے تو اس کی حمایت کریں گے۔

انہوں نے مشکل حالات میں ساتھ دینے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان میں اتفاق رائے ہونا جبکہ سیاست سے گریز کرنا اچھی بات ہے، ہمیں ایسی صورتحال میں قومی مقصد کو ترجیح دینا چاہیے ۔ سہیل آفریدی بھی عوامی ریلیف کیلئے اقدامات کررہے ہیں، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ بھی کررہے ہیں، ہم سب ملکر ان مشکلات کا سامنا کریں گے، پاکستان میں اتفاق ہوگا تو دنیا کی کوئی قوت ہمیں گراسکتی ہے اور نہ توڑ سکتی ہے ، ہماری نسل اس امتحان کا مقابلہ کرے گی، انشاء اللہ جیت عوام اور امن کی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا آج جو قوتیں ایران ، لبنان ،لیبیا،شام پر حملے کر رہی ہیں،وہ پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتیں کیونکہ ہمارے پاس قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹوکا دیا ہوا ایٹم بم موجود ہے ، انہوں نے پاکستان اور اسلامی دنیا کو ایٹمی طاقت بنایا۔انہوں نے ایران کے خلاف امریکااور اسرائیلی جنگ کی مذمت کی ۔ بلاول نے کہا پاکستان کی مضبوطی کی وجہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا دیا ہوا ایٹم بم اور ایٹمی پروگرام ہے ۔انہوں نے کہا کچھ قوتین نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین رکھتی ہیں، پیپلز پارٹی کی سیاست متحد کرنے کی سیاست ہے ، ملک کو ذوالفقار بھٹو جیسی قیادت کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں