پولیس افسروں کے پٹرول میں کٹوتی،ہائی اوکٹین پر پابندی
اے آئی جی ،ڈی آئی جی و دیگر افسروں کے پٹرول میں 350لٹر تک کمی سکواڈ کی گاڑیوں کا پٹرول بھی کم کردیا، تھانوں کی گشت والی گاڑیوں کا برقرار
لاہور(مد ثر حسین سے )پنجاب پولیس کے ایڈیشنل آئی جیز ، ڈی آئی جیز ، ایس ایس پیز ، ڈی ایس پیز رینک کے افسروں کے پٹرول میں کٹوتی ،افسروں کو ہائی اوکٹین تیل ڈلوانے سے روک دیا گیا،تفصیلات کے مطابق آئی جی آفس میں تعینات سینئر افسروں کی گاڑیوں کا پٹرول کم کیا گیا ہے ۔ایڈیشنل آئی جیز کی گاڑیوں کا پٹرول 500 سے کم کرکے 150 لٹر کر دیا گیا۔ڈی آئی جی رینک کے افسروں کا پٹرول 400 سے کم کرکے 150 لٹر اور اے آئی جی رینک کے افسروں کا پٹرول 300 لٹر سے کم کر کے 150 لٹر کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز کو سکواڈ کی گاڑیاں کم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ڈی آئی جیز صرف ایک گاڑی اپنے سکواڈ کیساتھ رکھ سکیں گے۔
اسکے علاوہ لاہور پولیس میں بھی اعلیٰ افسروں کے پٹرول میں کٹ لگا دیا گیا ،ڈی آئی جیز آپریشنز، انویسٹی گیشن،ایس ایس پیز آپریشنز ،ڈویژنل ایس پیز اور ڈی ایس پیز کی گاڑیوں کا پٹرول کم کیا گیا۔ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز رینک کے افسروں کا پٹرول 800 لٹر سے کم کر کے 600 لٹر کر دیا گیا۔ڈویژنل ایس پیز کی گاڑیوں کا پٹرول 600 لٹر سے کم کر کے 450 لٹر کر دیا گیا۔ڈی ایس پیز کی گاڑیوں کا پٹرول 400 لٹر سے کم کر کے 300لٹر کر دیا گیا۔افسروں کیساتھ سکواڈ کی گاڑیوں کا پٹرول 300 لٹر سے کم کر کے 150 لٹر کر دیا گیا،جبکہ تھانوں کی گاڑیوں کے پٹرول میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔تھانوں کی گشت اور جائے وقوعہ پر پہنچنے والی گاڑیوں کا پٹرول برقرار رہے گا۔