موٹرسائیکل مالکان کو ڈیجیٹل طریقے سے امداد کا منصوبہ تیار
لاہور میں رجسٹرڈ موٹرسائیکل 55 لاکھ ، پنجاب میں2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں کا ریکارڈ مرتب ،متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیا جا چکا :حکام
لاہور(خبر نگار)حکومت نے ڈیجیٹل طریقے سے موٹرسائیکل مالکان کو مالی معاونت دینے کا منصوبہ تیار کر لیا ۔ لاہور میں رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں کی تعداد 55 لاکھ جبکہ پنجاب بھر میں 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں موٹرسائیکل مالکان کو سبسڈی دینے کے حوالے سے اہم ڈیٹا وفاقی حکومت کو فراہم کر دیا گیا ہے ۔ڈی جی ایکسائز کے مطابق صوبے بھر میں رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں کا ریکارڈ مرتب کر کے متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے ،پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی جانب سے ملک بھر کی بائیکس کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے جس کی بنیاد پر سبسڈی کی شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق منصوبے کے تحت ہر موٹرسائیکل کے مالک کے نام ایک ڈیجیٹل والٹ کھولا جائے گا، جس میں براہ راست مالی معاونت منتقل کی جائے گی، ہر مستحق موٹرسائیکل مالک کے اکاؤنٹ میں ڈیجیٹل طور پر 2 ہزار روپے منتقل کئے جائیں گے ،پنجاب کے بائیکس مالکان کو سبسڈی کا مکمل مالی بوجھ صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔