ریلیف میں شفافیت یقینی بنائیں گے
کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے شہریوں کو بچانے کیلئے ہدفی فیول سبسڈی پروگرام کے اجرا کا طریقہ کار، نظام اور عملی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی۔۔۔
جبکہ عوامی ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو قابل برداشت رکھنے اور ٹرانسپورٹ نظام کی بلا تعطل فعالیت یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں سستی سفری سہولیات کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ نظام کی پائیداری پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ عالمی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس سے کرایوں میں اضافے اور عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال میں کمی کا خدشہ پیدا ہوا، اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت نے ٹارگٹڈ پیپلز فیول ڈیفرینشل سبسڈی متعارف کرائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت بحران سے قبل اور موجودہ قیمتوں کے درمیان فرق کو پورا کیا جائے گا تاکہ کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور معاشی استحکام برقرار رکھا جا سکے ۔شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے سبسڈی کی ادائیگی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے کی جائے گی جو محکمہ ایکسائز اور ٹرانسپورٹ کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ ایکسائز کو ہدایت دی کہ آئندہ 15 روز تک دفاتر کے اوقات کار میں توسیع کی جائے تاکہ رجسٹریشن کا عمل تیز اور آسان بنایا جا سکے ۔مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ریلیف شفاف، بروقت اور بلا رکاوٹ مستحق عوام تک پہنچے۔