ترقیاتی منصوبوں کے ملازمین کی 7 سے 10 لاکھ تنخواہ، پیکیج منظور

ترقیاتی منصوبوں کے ملازمین کی 7 سے 10 لاکھ تنخواہ، پیکیج منظور

اطلاق یکم جولائی 2026 سے ،سٹینڈرڈ پے پیکیج ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ بھرتی سرکاری ملازمین پر لاگو نہیں ہوگا تقرری ابتدائی طور پر دو سال کے کنٹریکٹ پر ہوگی، پی ڈی کی تقرری سپیشل پے پیکیج پر ہوگی ،منظوری ایکنک دیگی

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے ملازمین کیلئے سٹینڈرڈ پے پیکیج 2026 کی منظوری دے دی جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔پیکیج کے تحت پی پی ایس 12 کیلئے کم از کم تنخواہ 7 لاکھ اور زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ۔ پی پی ایس 11 کیلئے 4 لاکھ 37 ہزار 500 سے 6 لاکھ 56 ہزار 250 روپے اور پی پی ایس 10 کیلئے 2 لاکھ 62 ہزار 500 سے 4 لاکھ 37 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی۔اسی طرح پی پی ایس-9 کیلئے 1 لاکھ 75 ہزار سے 3 لاکھ 6 ہزار 250 روپے ، پی پی ایس-8 کیلئے 1 لاکھ 31 ہزار 250 سے 2 لاکھ 18 ہزار 750 روپے ، پی پی ایس 7 کیلئے 87 ہزار 500 سے 1 لاکھ 57 ہزار 500 روپے اور پی پی ایس-6 کیلئے 70 ہزار سے 1 لاکھ 13 ہزار 750 روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے ۔پی پی ایس 5 کیلئے 52 ہزار 500 سے 87 ہزار 500 روپے ، پی پی ایس 4 کیلئے 43 ہزار 750 سے 70 ہزار روپے ، پی پی ایس 3 کیلئے 35 ہزار سے 52 ہزار 500 روپے ، پی پی ایس2 کیلئے 26 ہزار 250 سے 43 ہزار 750 روپے جبکہ پی پی ایس ایک کیلئے 21 ہزار سے 35 ہزار روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے۔

پالیسی کے مطابق پراجیکٹ ملازمین کی تقرری ابتدائی طور پر دو سال کے کنٹریکٹ پر ہوگی جس میں کارکردگی کی بنیاد پر سالانہ توسیع دی جا سکے گی۔ یہ پیکیج ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین پر لاگو نہیں ہوگا اور پراجیکٹ سے ریگولر سروس میں منتقلی کی صورت میں سابقہ سروس کا پنشن یا سنیارٹی میں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ پی پی ایس 10 اور اس سے اوپر کے عہدوں کی تنخواہ کا 10 سے 20 فیصد حصہ کارکردگی کے اشاریوں سے مشروط ہوگا۔ 100 ارب روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی تقرری سپیشل پے پیکیج پر ہوگی جس کی منظوری ایکنک سے مشروط ہوگی۔اضافی چارج رکھنے والے افسران کو بنیادی تنخواہ کا 20 فیصد الاؤنس دیا جائے گا جس کی بالائی حد 20 ہزار روپے ماہانہ مقرر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں