ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن مکمل ، تجارت شروع کی جائے : حافظ نعیم
آئی پی پیز معاہدے ختم، بجلی بلوں میں فوری کمی کی جائے ،پٹرولیم لیوی ختم، پٹرول کی قیمت ڈھائی سو روپے لٹر کی جائے پنجاب میں تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا:پریس کانفرنس ،خواتین اجتماع سے خطاب
لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کیا جائے اور آزادانہ تجارت کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران، امریکا مذاکرات میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے اور حکومت کو چاہیے کہ عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی کے ثمرات عوام تک منتقل کرے۔منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرول کی قیمت ڈھائی سو روپے فی لٹر تک لائی جائے اور پٹرولیم لیوی فوری ختم کی جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کر کے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ ری گیسیفائڈ معاہدوں پر نظرثانی اور ایران گیس پائپ لائن کی تکمیل سے توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے اور گیس کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی اور پنجاب میں تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ زراعت کا شعبہ تباہ حال اور کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں، گندم کی امدادی قیمت کے مطابق خریداری یقینی نہیں بنائی جا رہی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت کسانوں کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نجکاری کے باعث عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کی صورتحال بھی تشویشناک ہے اور سرمایہ کاری کے مواقع ہونے کے باوجود شہر کو ترقی نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقتدار انہی کو دیا جائے جنہیں عوام نے منتخب کیا ہے ۔عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کو ایران کے معاملے پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اسلامی ممالک کو متحد ہو کر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔
انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ خطے میں فعال کردار ادا کرے اور چین، روس سمیت دیگر ممالک کو ساتھ ملا کر مضبوط بلاک تشکیل دے ۔بعد ازاں کارکنان حلقہ خواتین سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی منظم تحریک ہے اور اس کا مقصد معاشرے میں اسلامی نظام کا قیام ہے ۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ معاشرتی اصلاح میں بھرپور کردار ادا کریں اور تنظیمی سرگرمیوں کو نچلی سطح تک وسعت دیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی منشیات ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے تدارک کیلئے والدین اور معاشرے کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں کسی سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی اور اپنی جدوجہد کے ذریعے عوامی حمایت حاصل کرے گی۔