باجوڑ : افغان طالبان کی گولہ باری، 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید، 3 زخمی

باجوڑ : افغان طالبان کی گولہ باری، 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید، 3 زخمی

شہدا کا تعلق ایک گھر سے ہے ،فورسز نے فتنہ الخوارج کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی جس پر افغان طالبان نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جوابی کارروائی میں فائرکرنیوالی گن پوزیشن تباہ ،باجوڑ سے ملحقہ افغان طالبان کی پوسٹوں کیخلاف کارروائی ،دشمن کو بھاری جانی نقصان:سکیورٹی ذرائع

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی شہری آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان گزشتہ چند روز سے فتنہ الخوارج سے وابستہ عناصر کو پاکستان میں داخل کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، اس ناکامی کے بعد افغان طالبان نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کی جانب سے فائرنگ کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جبکہ باجوڑ سے ملحقہ افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔مقامی آبادی نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا افغان طالبان کی بوکھلاہٹ اور مذموم عزائم کا واضح ثبوت ہے ،عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز ہر وقت چوکس اور پرعزم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں