کمپیوٹر کی دنیا میں انقلاب آئیگا
نارووال(خبر نگار)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج کا دن اس اعلان کا دن ہے کہ پاکستان مستقبل کی ٹیکنالوجی کے دروازے کھول کر اندر داخل ہو رہا ہے، کوانٹم کمپیوٹنگ کا شعبہ یکسر کمپیوٹر کی دنیا میں انقلاب لائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں نارووال میں نیشنل سینٹر فار کوانٹم کمپیوٹنگ (NCQC)کی افتتاحی تقریب سے خطاب ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ کوانٹم کمپیوٹنگ کی وہ رفتار ہو گی جو ٹریڈیشنل کمپیوٹر، کمپیوٹنگ کمپیوٹر کی رفتار میں آپ راکٹ اور سائیکل کی رفتار کا فرق دیکھ سکتے ہیں، کوانٹم چینج ایک بڑی تبدیلی کو کہتے ہیں پاکستان میں جو بڑی تبدیلی چل رہی اس کا آغاز معرکہ حق سے ہوا تھا جب پاکستان نے اپنے حریف کے مقابلے میں کوانٹم وکٹری حاصل ،پاکستان سفارتی کاری کے شعبے میں بھی کوانٹم ڈپلومیسی کے ذریعے آسٹریلیا سے لے کر امریکہ تک ہر چینل کی زینت بنا ہوا ہے ، ہر عالمی لیڈر کی زبان سے پاکستان کا چرچہ ہو رہا ہے ۔ احسن اقبال نے کہا پاکستان پوری کوشش کر رہا ہے امریکا، ایران تنازعہ ختم کرایا جا ئے ،ہماری پوری کوشش ہے مذاکرات کو نیتجہ خیز عمل میں داخل کیا جا سکے ۔اگر یہ تنازعہ ختم نہیں ہوتا توپوری عالمی معشیت پر گہرے اثرات ہونگے ،صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا کے 193 ممالک کی معیشت متاثر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک بھارت اس وقت حسد میں جل رہا ہے ، اسے حسد کی بجائے پاکستان کے کردار کو سراہانا چاہیے۔