5 افسروں کے تقرر تبادلے ، جابر خان ڈی جی آئی ٹی تعینات
محمد سلیم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں قانونی مشیر مقرر، شاہدندیم کی مدت میں توسیع آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس کی نویدہ سلام، ثقلین،طاہر کو اہم محکموں میں نئی ذمہ داریاں تفویض
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پانچ افسروں کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کر دئیے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق جابر خان کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن میں ایم پی-ٹو سکیل پر ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی) کے عہدے پر تین سال کے کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا ہے ۔ محمد سلیم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن (مین) میں ایم پی-ون سکیل پر قانونی مشیر مقرر کیا گیا ہے ۔وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے رکن شاہد ندیم کی کنٹریکٹ مدت میں ایک سال کی توسیع کی گئی ۔
میاں عثمان علی شاہ کو فنانس ڈویژن سے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ میں تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر بھیج دیا گیا ہے ، جبکہ وجیہہ بشیر کو فنانس ڈویژن میں ڈپٹی سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سیکشن آفیسر حفصہ بنت بلال کو فلپائن میں ماسٹرز اسکالرشپ کی تکمیل کے لیے آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) مقرر کیا گیا ہے جبکہ رانا فہد جاوید کی ڈیپوٹیشن مدت میں دو سال کی توسیع کی گئی ۔دوسری جانب آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے گریڈ 19 سے 21 کے افسران کے تبادلے کیے ہیں۔ گریڈ 21 کی افسر نویدہ سلام کو آڈیٹر جنرل آفس اسلام آباد میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ ثقلین عباس کوریجہ کو ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سوشل سیفٹی نیٹ اسلام آباد مقرر کیا گیا ہے ۔گریڈ 19 کے افسر طاہر نعیم اختر کو آڈیٹر جنرل آفس میں ڈائریکٹر ڈیفنس آڈٹ تعینات کیا گیا ہے ۔