پاکستان کی عالمی سرمایہ مارکیٹ میں واپسی ،50کروڑ ڈالر کا یوروبانڈ جاری

پاکستان  کی  عالمی  سرمایہ  مارکیٹ  میں  واپسی ،50کروڑ  ڈالر  کا  یوروبانڈ  جاری

بانڈ تین سالہ مدت کیلئے 6.9 فیصد شرح منافع پر جاری، سرمایہ کاروں کی بھرپور توجہ حاصل: وزارت خزانہ عالمی بینکوں سے 60 کروڑ ڈالر لانگ ٹرم فنانسنگ کی تیاری، آئندہ ماہ آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر متوقع

اسلام آباد (مدثر علی رانا) پاکستان نے چار سال کے وقفے کے بعد عالمی سرمایہ مارکیٹ میں کامیاب واپسی کرتے ہوئے 50 کروڑ ڈالر مالیت کا تین سالہ یورو بانڈ 6.9 فیصد شرح منافع پر جاری کر دیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق اس بانڈ کو عالمی معاشی اور جغرافیائی غیر یقینی صورتحال کے باوجود سرمایہ کاروں کی بھرپور توجہ حاصل ہوئی، جو پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے ۔حکام کے مطابق یورو بانڈ کے اجرا سے نہ صرف ملکی معیشت کو درکار مالی وسائل میسر آئیں گے بلکہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی ساکھ بھی مزید مضبوط ہوگی۔ اس اقدام سے مستقبل میں قرض کے حصول کیلئے بہتر اور مستحکم خودمختار ییلڈ تشکیل دینے میں مدد ملے گی، جس سے کم شرح سود پر فنڈز حاصل کرنے کے امکانات بڑھیں گے ۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) اور آر ایس ایف کے تحت موصول ہونے کا امکان ہے ، جبکہ وفاقی حکومت عالمی بینکوں سے 60 کروڑ ڈالر لانگ ٹرم فنانسنگ کے حصول کیلئے بھی تیاری کر رہی ہے ۔ اس پیشرفت سے بیرونی کھاتوں پر دباؤ میں کمی، زرمبادلہ ذخائر میں بہتری اور روپے کی قدر میں استحکام کی توقع ہے ۔وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ کامیابی حکومت کی معاشی حکمت عملی کا نتیجہ ہے اور اس سے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بحال ہوگا۔ چند روز قبل پاکستان نے 1.3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کی بروقت ادائیگی بھی کی، جس سے ملک کی کریڈٹ ساکھ بہتر ہوئی ہے ۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق جون تک زرمبادلہ ذخائر کو 18 ارب ڈالر اور دسمبر تک 20 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ یو اے ای کو 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی واپسی کا عمل بھی 22 اپریل تک مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پانڈا بانڈ کے اجرا کیلئے بھی سرگرم ہے اور آئندہ ماہ 25 کروڑ ڈالر مالیت کے برابر بانڈ جاری کرنے کی تیاری جاری ہے ، جبکہ مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کے پانڈا بانڈ جاری کرنے کا منصوبہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں