کرتارپور بیساکھی میلہ ختم ، بھارتی یاتری محبتیں سمیٹ کر روانہ

 کرتارپور بیساکھی میلہ ختم ، بھارتی  یاتری محبتیں سمیٹ کر روانہ

شکر گڑھ، نورکوٹ (تحصیل رپورٹر، نامہ نگار) کرتارپور میں بیساکھی میلے کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کے بعد پاکستان آنے والے بھارتی یاتریوں سمیت ہزاروں زائرین حسین یادیں اور پاکستان سے ملنے والا پیار و محبت سمیٹ کر ایمن آباد روانہ ہو گئے ۔

یاتریوں نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے بہترین انتظامات پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور بھارتی حکومت سے کرتارپور راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا۔کرتارپور میں بیساکھی میلے کی تین روزہ تقریبات دعائیہ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔ قیام کے دوران ہزاروں بھارتی اور مقامی یاتریوں نے عبادات اور مذہبی رسومات میں بھرپور شرکت کی، کھیتی صاحب سے گندم کی کٹائی کی، کبڈی میچ دیکھا اور مختلف پکوانوں سے لطف اندوز ہوئے ۔یاتریوں نے کہاکہ کرتارپور راہداری ایک سال سے بند کرکے بھارت سکھوں کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے ۔ پاکستان آنے سے قبل انہیں ڈرایا گیا تھا، تاہم یہاں آ کر جو محبت ملی اس نے تمام خدشات دور کر دئیے ۔بھارتی یاتری بسوں میں سوار ہو کر گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد روانہ ہو گئے جبکہ روانگی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں