مہاجرین کو نئی رہائش پر ووٹ اندراج کی اجازت، آرڈیننس نافذ

 مہاجرین کو نئی رہائش پر ووٹ اندراج کی اجازت، آرڈیننس نافذ

ایسے افراد کی سہولت کیلئے ضروری طریقہ کار وضع کیا جائے ،الیکشن کمیشن کو ہدایت الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں میں تبدیلی کا اختیار مل گیا ، کالعدم جماعتیں ممنوع قرار

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر الیکشنز (ترمیمی) آرڈیننس 2026 جاری کر دیا گیا ، عبوری آئین 1974 کے تحت صدرِ ریاست نے الیکشنز ایکٹ  2020 میں ترامیم کرتے ہوئے یہ آرڈیننس جاری کیا، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ۔ آرڈیننس کا مقصد انتخابی نظام کو مزید بہتر اور اسے موجودہ حالات سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔ترمیم کے بعد مہاجرین کے حقِ رائے دہی میں آسانی پیدا کی گئی ہے ۔ آرڈیننس کے مطابق 1989 کے وہ مہاجرین جو ایک کیمپ سے دوسرے کیمپ یا آزاد کشمیر کے اندر اپنی رہائش تبدیل کر چکے ہیں، انہیں نئی رہائش گاہ پر ووٹ کے اندراج اور حقِ رائے دہی کی اجازت دی گئی ہے ،الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے افراد کی سہولت کے لئے ضروری طریقہ کار وضع کرے ، اسی طرح انتخابی فہرستوں میں تبدیلی کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کو دے دیا گیا ہے تاکہ وہ ضمنی یا اپڈیٹڈ انتخابی فہرستیں تیار کر سکے اور کسی ووٹر کا حق متاثر نہ ہو۔مزید برآں، آرڈیننس کے تحت سیاسی جماعتوں سے متعلق شق میں بھی ترمیم کی گئی ، جس کے مطابق اگر پاکستان میں کسی سیاسی جماعت پر پابندی، تحلیل یا ممانعت عائد ہو تو اس کی آزاد کشمیر میں موجود شاخیں، ذیلی تنظیمیں یا نمائندہ اکائیاں بھی خود بخود ممنوع تصور ہوں گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں