معرکہ حق کا ایک سال : دشمن کو اگلی بار پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا : آئی ایس پی آر

معرکہ حق کا ایک سال : دشمن کو اگلی بار پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا : آئی ایس پی آر

پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے مکمل باخبر ، جنگی ماحول کے لئے پہلے سے زیادہ تیار، مرکوز اور مکمل طور پر مستعد ہیں پاک فضائیہ قوت کے طور پر ابھر رہی ، قوم کیلئے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت رہے گی،خصوصی پیغام، بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس ،ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے ،نیول چیف

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاک افواج خصوصاً پاک فضائیہ قومی دفاع کی ایک فیصلہ کن اور تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں،آئی ا یس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق نے قومی اعتماد کو نئی جدت دی، ادارہ جاتی عزم کو مزید مستحکم کیا اور پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا پر ثابت کیا، پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ سسٹمز اور Niche و Disruptive صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ پیغام میں کہا گیا کہ ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے پاک فضائیہ کو جدید فضائی جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مؤثر اور فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے ، معرکۂ حق کے دوران انجام دئیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں منفرد، غیر معمولی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھے ، پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے پاکستانی قوم کے اعتماد، حوصلے اور جذبہ حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جبکہ اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ اور پختہ اسٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں، پاکستانی مسلح افواج کی ہر تیاری، ہر کوشش اور ہر صلاحیت کا محور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے ، پاکستان کیلئے امن ہمیشہ عزت، وقار اور خودمختار برابری کے اصولوں سے جڑا رہا ہے ۔‘پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں،پاکستانی مسلح افواج مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جدید صلاحیتوں، ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہیں، پاک افواج مستقبل کے جنگی ماحول کے لئے پہلے سے زیادہ تیار، مرکوز اور مکمل طور پر مستعد ہیں۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا دشمن کے عزائم کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔

’پیغام میں مزید کہا گیا کہ معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت، تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا، اِن شاء اللہ، پوری قوم پاک فضائیہ کے ہر جوان، افسر اور اہلکار کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی، انتھک محنت اور غیر معمولی آپریشنل توجہ پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ، جنہوں نے پاکستان کی فضائی حدود کے تاریخی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا۔‘پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع میں پاک فضائیہ کی جرات، تیاری اور بروقت کارروائی قوم کی عسکری تاریخ کا روشن باب بن چکی ہے ۔ پاک فضائیہ نے اپنے عزم، مہارت اور جذبہ قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا،پاک فضائیہ اپنی پیشہ ورانہ برتری، جدید جنگی صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے باعث آج بھی دنیا کی بہترین فضائی افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے ، پاک فضائیہ اِن شاء اللہ ہمیشہ Second to None رہے گی اور اس عظیم قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔

دریں اثنا پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطے کی بحری سلامتی کیلئے بڑا چیلنج بن چکی ہے ،آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف کی زیر صدارت پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس ہوئی جس میں روایتی اور غیر روایتی خطرات کے مقابلے کیلئے جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ خلیج عمان میں اپنی مؤثر موجودگی کے ذریعے عالمی میری ٹائم کمیونٹی کو تحفظ فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں