فضائیہ نے دشمن کو سرینگر سے بھٹنڈا تک سبق سکھایا : ایئرچیف
شاہینو ں نے سائبر سکیورٹی اور ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں تباہ کیا ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکا ایئر ہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ قومی دفاع میں فضائیہ کا کردار تاریخی ہے ، جو سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا، دشمن کو سرینگر سے بھٹنڈا تک سبق سکھایا، فضائی سرحدوں کے محافظ ہیں۔معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر بھارت کا غرور خاک میں ملانے والی پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایئرہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب ہوئی۔اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کابھرپوراورمنہ توڑجواب دیا، پہلگام فا لس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت نے پاکستان پربے بنیادالزام لگایا، پاکستان نے بھارت کوغیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔
ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا، پاک فضائیہ نے دشمن کو دندان شکن شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا، سرینگرسے بھٹنڈا تک پاک فضائیہ نے دشمن کوسبق سکھایا، قومی دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار تاریخی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سائبر شاہینوں نے دشمن کی سائبر سکیورٹی کو تباہ کر دیا، بھارتی فضائیہ کو عبرتناک اور تذلیل سے بھرپور شکست دی، پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی محافظ ہے ، پاک فضائیہ نے دنیا کے سرفہرست لڑاکا طیاروں کو خاک میں ملا دیا۔ایئر چیف نے واضح کیا کہ دشمن کی تمام تنصیبات پاک فضائیہ کے نشانے پرتھیں، ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں تباہ کر دیا، معرکہ حق میں پاکستان نے بہترین ڈرون صلاحیت کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے فضائی ، الیکٹرانک اور سائبر وار فیئر میں دشمن کو دھول چٹائی۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ریکارڈ ٹائم میں دشمن کی تنصیبات کو تباہ کیا، پاک فضائیہ کے ہر جوان نے معرکہ حق میں بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ، پاک فضائیہ کے جوانوں کومعرکہ حق میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔