ڈار، عراقچی رابطہ، مذاکراتی عمل جا ری رکھنے پر اتفاق
ایرانی وزیر خارجہ نے دورہ چین سے آگاہ کیا ،ایرانی شہریوں کی واپسی ، تعاون پر شکریہ وزیر خارجہ کو سنگاپور کے ہم منصب کا فون، بین الاقوامی پانیوں، بحری امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (نمائندہ دنیا، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ ،ایران امریکہ مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ،ایران امریکہ مذاکرات میں پیش رفت کا امکان ہے ، ایرانی میڈیا کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان ایران امریکہ مذاکرات کی تازہ ترین پیش رفت پر گفتگو ہوئی دونوں رہنماؤں نے مذاکرات اور سفارتکاری عمل جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دوسری جانب عالمی نشریاتی اداروں کے مطابق امریکہ اس وقت اپنے نئے پروپوزل پر ایران کے جواب کا انتظار کر رہا ہے ، اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا جب ایرانی صدر کی نئے سپریم لیڈر سے ملاقات ہوئی ،دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، عباس عراقچی نے اسحاق ڈار کو اپنے حالیہ دورئہ چین سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار کو باہمی دلچسپی کے امور پر ہونے والی مشاورت سے آگاہ کیا گیا ، وزرائے خارجہ نے امن و استحکام کے فروغ کے لئے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا، عباس عراقچی نے بحری جہازوں سے ایرانی شہریوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ عباس عراقچی نے پاکستان کی انسانی ہمدردی کو سراہا ، ادھر نائب وزیراعظم وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالا کرشنن سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں نائب وزیراعظم کی کوششوں اور پاکستان کے کردار کو سراہا ،نائب وزیراعظم نے خطے میں امن اور ترقی کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعادہ کیا۔ فریقین نے بحری امور اور بین الاقوامی پانیوں میں حالیہ واقعات سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کے درمیان قریبی رابطہ رکھا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر بھی گفتگو کی اور اعلیٰ ٰسطح کے روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔