اسحاق ڈار کی دربار حضرت داتا گنج بخش ؒ آمد، ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ
لاہور(سیاسی نمائندہ)نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہروحانی عظمت، تاریخی شکوہ اور تعمیراتی حسن کا مظہر حضرت داتا گنج بخش ؒ کا مقدس دربار پاکستان کے صوفی ورثے اور ترقیاتی وژن کی شاندار علامت کے طور پر ابھر رہا ہے ۔
انہوں نے یہ بات حضرت علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒکے مزار کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے دربار کے احاطے میں جاری ترقیاتی، توسیعی اور تزئینی منصوبوں کو سراہا۔نائب وزیراعظم کااستقبال سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، سپرنٹنڈنگ انجینئر سی اینڈ ڈبلیو محمد عیسیٰ، ایکسین فہد نوید، جنرل منیجر نیسپاک عادل نذیر، ایکسین اوقاف قیصر منیر اور دربار انتظامیہ کے دیگر سینئر افسروں نے کیا۔ دورے کے دوران سینیٹر اسحاق ڈار نے سلام پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی۔نائب وزیراعظم نے دربار کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ بھی کیا اور لاکھوں زائرین کی سہولت کے لیے جاری وسیع پیمانے پر توسیع، تعمیر و تزئین کے منصوبوں کو انتہائی قابلِ تحسین قرار دیا۔