توہین عدالت درخواست :ڈی جی این سی سی آئی اے آج طلب
لاہور ہائیکورٹ کا رپورٹ کی صرف فوٹو کاپی پیش کرنے پر سخت برہمی کا اظہار
لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود انکوائری مکمل نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ،عدالت نے ڈی جی این سی سی آئی اے خرم شاہ کو ذاتی حیثیت میں آج طلب کرلیا ۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے درخواست گزار غفران خان کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالت نے این سی سی آئی اے کی جانب سے رپورٹ کی صرف فوٹو کاپی پیش کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اس نوعیت کی رپورٹ اس انداز میں کیوں پیش کی جاتی ہے ۔دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت سے معذرت کرتے ہوئے مو قف اختیار کیا کہ عدالتی حکم پر این سی سی آئی اے نے انکوائری مکمل کرلی تھی اور رپورٹ بھی پیش کر دی ہے ۔عدالت نے مزید وضاحت کیلئے ڈی جی این سی سی آئی اے کو طلب کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کردی۔