تیل قیمتیں :جماعت اسلامی کا 15مئی کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان

 تیل قیمتیں :جماعت اسلامی کا 15مئی کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان

غریبوں کی بستیاں گرا کر اشرافیہ کے غیر قانونی ون کانسٹی ٹیوشن کو بچایا جارہا قیمتیں کم ، لیوی مکمل ختم نہ کی گئی تو پہیہ جام ،شٹرڈاؤن کا آپشن موجود ، حافظ نعیم

 اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 15مئی کو پٹرول کی قیمتوں میں ہوشر با اضا فے کے خلاف اسلام آباد میں بڑے  احتجاج کا اعلان کردیا ، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج کی خود قیادت کرونگا اور ا س موقع پر ہی آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا ،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کہیں اور نہیں وفاقی دارالحکومت میں ایک طرف غریبوں کی بستیاں گرائی جارہی ہیں اور اشرافیہ کے لئے غیر قانونی تعمیرشدہ ٹوئن ٹاور ون کانسٹی ٹیوشن کو بچایا جارہا ہے ، اس پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ ہماری جدوجہد سے یہ دہرا نظام تادیر نہیں چلے گا ۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کی اور پٹرولیم لیوی کو مکمل طور پر ختم نہ کیا تو ہمارے پاس پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کا آپشن موجود ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں ،امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں متوسط طبقہ، مزدوروں ، طلبا کے پاس ڈھائی کروڑ موٹر سائیکلیں ہیں ، ان میں سے ایک کروڑ موٹر سائیکل سوار روزانہ ایک لٹر پٹرول بھی استعمال کریں تو یہ حکومت کو پانچ سو سے چھ سو ارب ٹیکس دیتے ہیں ، حکمرانوں نے بجلی بلوں پر مختلف اقسام کے ٹیکس لگا کر عوام سے گزشتہ تین برسوں میں 19کھرب ٹیکس اکٹھا کیا، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کہ حکمران قوم پر عذاب ہیں، یہ عوام کا خون نچوڑ کر خود عیاشیاں کررہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں