وزیر خارجہ کا چینی ہم منصب سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
دوران گفتگو حالیہ علاقائی پیش رفت اور خطے سمیت دنیا میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایران اور امریکہ کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کی پاکستان کی جاری کوششوں پر گفتگو کی گئی، چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنمائوں نے دیرپا جنگ بندی برقرار رکھنے اور آبنائے ہرمز سے معمول کی آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے متوقع تبادلوں، پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ و کثیرالجہتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت کی، دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔