آم کے برآمدکنندگان کو ٹرانسپورٹ سبسڈی دینے پرغور
اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کے ساتھ کھڑی ہے اور زرعی برآمدات کو عالمی سطح پر مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
آم کے برآمدکنندگان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی چیلنجز کے باوجود برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے ۔ اجلاس میں برآمدکنندگان، وزارت کے حکام اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔بتایا گیا کہ پاکستان کی 80 فیصد آم کی برآمدات افغانستان اور خلیجی ممالک جبکہ 20 فیصد یورپ اور دیگر منڈیوں کو جاتی ہیں، تاہم سرحدی بندش اور خطے میں کشیدگی سے برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔برآمدکنندگان نے کہا کہ بڑھتی فیول قیمتوں اور ٹرانسپورٹ اخراجات سے برآمدی لاگت میں اضافہ ہوا ہے جس سے مسابقت کم ہو رہی ہے ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت آم کے شعبے کو معیشت کا اہم ستون سمجھتی ہے اور برآمدکنندگان کو سہولت دی جائے گی جبکہ ٹرانسپورٹ پر سبسڈی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔