بلوچستان شہید ہونیوالے میجر توصیف کی پاکپتن میں نماز جنازہ ادا،سپردخاک
پاکپتن (خبرنگار،سٹی رپور ٹر، نمائندہ دنیا ) بلوچستان میں دہشتگردوں کیساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے پاک فوج کے میجر محمد توصیف بھٹی شہید کی نماز جنازہ ڈی پی او آفس پاکپتن کی گراؤنڈ میں ادا کردی گئی ۔
نماز جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ افسروں، ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او پاکپتن ، سیاسی و سماجی شخصیات، اساتذہ ، شہریوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔شہید کو آبائی قبرستان شہید نگر میں پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ قبل ازیں پاکپتن کے عظیم سپوت میجر توصیف بھٹی شہید کا جسد خاکی آبائی علاقہ پہنچا تو شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اپنے ہیرو کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاکستان زندہ کے نعرے لگائے۔