بغیر ہیلمٹ ،لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر2ہزار جرمانہ برقرار
دیگرجرمانوں میں کمی ،ایپ اپ ڈیٹ ،کمرشل گاڑیوں کو بھی چالان ٹکٹ جاری موٹر سائیکل سواروں کو ریلیف ، ایک دن ہی میں لرننگ اور ریگولر لائسنس تیار
لاہور(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت پنجاب کی طرف سے ٹریفک جرمانوں میں کمی کے بعد ون ایپ کو بھی اپ ڈیٹ کردیا گیا تاہم بغیر لائسنس اور ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کیلئے 2ہزار جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق کار،موٹرسائیکل و کمرشل گاڑیوں کی مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے کم کردیئے گئے ہیں۔ موٹرسائیکل کے موبائل فون استعمال،لین لائن،ٹریفک بہاؤ میں خلل،پریشر ہارن اور دیگر خلاف ورزیوں پر جرمانہ ایک ہزار ہوگا،بغیر ہیلمٹ،ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی اور بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر جرمانہ دو ہزار ہی ہوگا۔
دو ہزار سی سی کار ڈرائیورز کو لین لائن پر دو ہزار جبکہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر 3 ہزار جرمانہ ہوگا،بغیر لائسنس کمرشل گاڑی چلانے اور ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر 5 ہزار جرمانہ ہوگا۔دھواں چھوڑنے پر موٹرسائیکل اور رکشہ کو 2 ہزار، کار کو 3 ہزار جبکہ کمرشل گاڑیوں کو 5 ہزار جرمانہ ہوگا ۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ٹریفک چالان کا مقصد شہریوں کی اصلاح کرنا ہے ، پنجاب میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریلیف دیا گیا ہے اب ایک ہی دن میں لرننگ اور ریگولر لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں،اعداد و شمار کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کو 28 لاکھ 23 ہزار سے زائد لائسنس جبکہ11 لاکھ سے زائد شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے ہیں ۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے فوری طور پر لائسنس حاصل کریں۔