ستھرا پنجاب کے ٹھیکوں میں اربوں کے گھپلے، 12 افسر گرفتار

ستھرا پنجاب کے ٹھیکوں میں اربوں کے گھپلے، 12 افسر گرفتار

633گھوسٹ سینٹری ورکرز ، فرضی حاضریاں، 2317 کے بجائے صرف 1717 کنٹینرز،منی ڈمپرز کی جگہ لوڈر رکشے استعمال وزیراعلیٰ نے ادارہ جاتی احتساب کی مثال قائم کر دی ،عوامی وسائل خوردبرد کرنیوالوں سے سختی کیساتھ نمٹا جائیگا:عظمیٰ بخاری

 لاہور (عمران اکبر )پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب صفائی ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ،شعبہ آئی ٹی میں فیک انٹریاں ڈال کے مبینہ اربوں روپے کی بے ضابطگیاں ،اینٹی کرپشن نے چھاپہ مار کر لاہور سمیت مختلف شہروں سے 12افسر گرفتار کر لیے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے صوبہ بھر میں ستھرا پنجاب کے ٹھیکوں میں جانچ کا حکم دے دیا ،تفصیلات کے مطابق ستھرا پنجاب میں 1 ارب کی مبینہ کرپشن پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر کے ایف ڈبلیو ایم سی افسروں کیخلاف کارروائی شروع ،ایم ایس کیئر سروسز کنسورشیم کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ،مالی بدعنوانی پر اینٹی کرپشن نے پنجاب کے 12سے زائد افسروں کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

فیصل آباد میں کرپشن کیخلاف ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور میں درج ایف آئی آر کے مطابق صفائی پراجیکٹ میں سرکاری خزانے کو 1 ارب روپے کانقصان پہنچایاگیا،ملزموں پر 633 گھوسٹ سینٹری ورکرز کی فرضی حاضریوں کا بھی الزام ہے ، موقع پر 2317 کنٹینرز کے بجائے صرف 1717 کنٹینرز پائے گئے ، منی ڈمپرز کی جگہ سستے رکشہ لوڈرز استعمال کر کے بھاری کرایہ وصول کیا گیا،ویسٹ انکلوژرز اور ڈمپنگ سائٹس کے ڈیٹا میں جعل سازی سے اضافی ادائیگیاں حاصل کی گئیں،گاڑیوں کے ٹریکر ڈیٹا میں ہیر پھیر کرکے بوگس سکورنگ سے رقم نکلوائی گئی، اینٹی کرپشن حکام کے مطابق متعدد نامزد ملزمان زیر حراست ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے ،حکام ستھرا پنجاب کا کہنا ہے کہ مقدمہ سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی مدعیت میں درج ہوا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ کارروائی کسی شکایت یا بیرونی دباؤ کا نتیجہ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ کی مؤثر اور مسلسل مانیٹرنگ کا ثمر ہے ، مریم نواز شریف نے شفاف طرزِ حکمرانی کو فروغ دیتے ہوئے ادارہ جاتی احتساب کی ایک نئی مثال قائم کر دی ہے ،سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت جدید لائیو ڈیش بورڈ مانیٹرنگ سسٹم کی بدولت فیصل آباد میں ہونے والی بدعنوانی کا بروقت سراغ لگا کر متعلقہ کیس اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کیا گیا۔ستھرا پنجاب فیصل آباد میں گڑبڑ محسوس ہونے پر فوری طور پر وزیر اعلیٰ نے آڈیٹرز کی خصوصی ٹیم فیصل آباد روانہ کی، تحقیقاتی ٹیم نے میدان میں پہنچ کر ٹھیکیداروں اور سرکاری افسروں کے درمیان ایک منظم گٹھ جوڑ بے نقاب کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی نگرانی ہر گلی اور ہر منصوبے تک محیط ہے ، اور عوامی وسائل میں خوردبرد کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں