اویس لغاری ، جرمن سفیر ملاقات، توانائی شعبے میں تعاون پر اتفاق
پاکستان میں 55فیصد توانائی صاف ذرائع سے حاصل کی جا رہی ،وفاقی وزیر توانائی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے جرمن سفیر انّا لیپل نے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں تکنیکی سطح پر تعاون بڑھانے اور رابطوں کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا، جرمن سفیر نے چھوٹے ہائیڈرو پاور، سولر اور پائیدار توانائی منصوبوں میں تعاون کے تسلسل کا اعادہ کیا اور پاکستان کی اصلاحاتی سمت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اویس لغاری نے جرمن سفیر کو بتایا کہ پاکستان میں 55 فیصد توانائی صاف ذرائع سے حاصل کی جا رہی ہے تاہم ہدف توانائی میں صاف ذرائع کا حصہ 90 فیصد تک بڑھانا ہے ۔اویس لغاری نے بتایا کہ پاکستان مقامی و قدرتی ذرائع سے خاطر خواہ بجلی پیدا کر رہا ہے ، 800 میگا واٹ قابلِ تجدید توانائی مارکیٹ کے ذریعے فراہم کرنے کی منصوبہ بندی جاری ہے ۔وفاقی وزیر توانائی نے اعلان کیا کہ حکومت اب مزید بجلی نہیں خریدے گی۔