دس ہفتوں میں سیکٹرآئی 12 کے الاٹیز کو قبضہ د ینگے ،طلال چودھری
5 ہزار سے زائد پلاٹ تیار ، بی آئی ایس پی کا بجٹ 716 ارب :اسمبلی وقفہ سوالات
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، اے پی پی) قومی اسمبلی میں وقفہ سوالا ت کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے بتایا کہ آئی 12 سیکٹر کی ڈویلپمنٹ کا 97 فیصد کام مکمل ہے ،الاٹیز کو قبضہ آئندہ 8 سے 10 ہفتوں میں دے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 5 ہزار سے زائد پلاٹ قبضہ کے لئے تیار ہیں۔ وزارت تعلیم کی جانب سے بتایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے مختلف وظائف کی سکیموں کے تحت ترکیہ میں تعلیم کے لیے طلبہ کو 147 وظائف تفویض کیے ہیں ۔ اسلام آباد میں نجی سکولوں کے قیام کی اجازت ترجیحا ًمحفوظ ،پرسکون اور کم ٹریفک والے علاقوں میں دی جاتی ہے ۔ 432 مربع فٹ کے ایک کمرے میں زیادہ سے زیادہ تیس طلبہ کی اجازت ہوتی ہے ، پارلیمانی سیکرٹری بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کا بجٹ 716 ارب روپے ہے جبکہ جنگی صورتحال کے دوران حکومت نے سبسڈی کا بھی انتظام کیا۔ اجلاس میں سپیکر سردار ایاز صادق نے توجہ دلا ئونوٹس اور وقفہ سوالات کے دوران ارکان کو ہدایت کی کہ سوالات مختصر رکھے جائیں اور لمبی تقاریر سے گریز کیا جائے تاکہ تمام اراکین کو اظہارِ خیال کا موقع مل سکے ۔