کراچی :فضل الرحمن سے قومی و سیاسی رہنماؤں کی اہم ملاقات
رہنماؤں کی ملکی سیاسی صورتحال، قومی معاملات ، آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو
کراچی(این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے مختلف قومی و سیاسی رہنماؤں نے کراچی میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی معاملات اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومرو کی رہائشگاہ پر ہوئی ، جہاں ملکی و علاقائی سیاسی منظرنامے پر مختلف امور زیر غور آئے ۔ ملاقات میں سیاسی استحکام، اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں، قومی سلامتی اور موجودہ سیاسی حالات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں سینئر سیاستدان محمود مولوی، سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، فواد چودھری ، سینیٹر شہزاد وسیم، عامر کیانی، عباس جعفری اور بیرسٹر محمد علی سیف شریک ہوئے ۔اس موقع پر جے یو آئی کے اسلم غوری، علامہ راشد محمود سومرو، قاری محمد عثمان، مولانا سمیع الحق سواتی و دیگر بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے یقینی، معاشی بدحالی اور عام آدمی پر مہنگائی کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ موجودہ حالات میں عوام کو بدترین معاشی دباؤ، بے روزگاری اور مہنگائی کا سامنا ہے ۔وفد نے مولانا فضل الرحمن سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک متحد پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے فعال کردار ادا کریں تاکہ ملک میں ایک مضبوط، ذمہ دار اور موثر اپوزیشن سامنے آسکے ۔