پی پی83ضمنی الیکشن :ن لیگ کے امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

 پی پی83ضمنی الیکشن :ن لیگ کے امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

15 میں سے 6 کے کاغذات مسترد ،5دستبردار ، 3 نے میدان خالی چھوڑ دیا

خوشاب(نمائندہ دُنیا)صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی83 خوشاب کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار سر دار ظفر عباس بلوچ بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ، اس حلقہ میں ابتدائی طور پر15امیدوار میدان میں اترے تھے ، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے دوران 6امیدواروں کے کاغذات مسترد ہونے کے باعث وہ انتخابی میدان سے آئوٹ ہو گئے تھے ،5 امیدواروں ڈاکٹر غوث نیازی، سعد بشیر اعوا ن ، امجد رضا گجر ،غلام مصطفے ٰ بلوچ اور سید علی ہمدانی نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کاغذات واپس لے لئے جس کے بعد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ  آفیسر خوشاب نے اس حلقہ کے تین امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی تھی لیکن ، تحریک استحکام کے امیدوار گل داد بگھور اور ٹوانہ بلوچ اتحاد کے امیدوار سردار رضا حیدر بلوچ نے انتخابی نشان الاٹ کرانے سے گریز کی پالیسی اپنا کر میدان خالی چھوڑ دیا جس کے بعد ظفر عباس کے مد مقابل کوئی امیدوار باقی نہ رہا ، واضع رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے علی حسین خان بلوچ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی اور مسلم لیگ(ن) کی قائدین نے اپنی روایات برقرار رکھتے ہوئے مرحوم ایم پی اے کے بھائی سردار ظفر عباس خان بلوچ کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا تھا ۔ غوث محمد نیازی نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 83خوشاب تھری میں مسلم لیگی امیدوار سردار ظفر عباس خان بلوچ کی بلا مقابلہ کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے حلقہ کے مکینوں اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی شاندار فتح قرار دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں