لاہور میں اپوزیشن حکومت کیخلاف پریس کا نفرنس کرسکتی ہے؟:جتنی جمہوریت سندھ میں ہے کسی دوسرے صوبے میں نہیں:بلاول بھٹو

لاہور  میں  اپوزیشن  حکومت کیخلاف پریس  کا  نفرنس  کرسکتی  ہے؟:جتنی  جمہوریت  سندھ  میں  ہے  کسی  دوسرے  صوبے  میں  نہیں:بلاول  بھٹو

ملکر کام نہیں کرنا لڑنا ہے تو لڑنا بھی جانتے ہیں ،متحدہ قائد کے نام پر شاہراہ اور ہسپتال کہاں گئے ؟ کوئی بھی حکومت ہو یہ تاحیات وزیر ہوتے ہیں،ایم کیو ایم پر تنقید کراچی ، سندھ،پاکستان کیخلاف ہرسازش کو ناکام کرکے دکھائونگا :شاہراہ بھٹو کے افتتاح پرخطاب ،ایران جنگ کے خاتمے کیلئے فیلڈ مارشل ، وزیر اعظم کی کامیابی کی دعا

کراچی (سٹاف رپورٹر،دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جتنی جمہوریت سندھ میں ہے کسی دوسرے صوبے میں نہیں،کیا لاہور میں اپوزیشن حکومت کیخلاف پریس کانفرنس کرسکتی ہے ؟ ،وہ قیوم آباد سے ایم نائن موٹروے تک 39 کلومیٹر طویل سگنل فری شاہراہ بھٹو کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے ، ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہاں بنائی ہے آپ نے شاہراہ الطاف حسین؟ ،کہاں بنایا ہے آپ نے الطاف حسین ہسپتال؟ ،کسی کی بھی حکومت ہو تو یہ ہر حکومت میں تاحیات وزیر ہوتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا ہمارے ساتھ ملکر کام کریں گے تو شہر، صوبہ اور ملک ترقی کرے گا، اگر مل کر کام نہیں کرنا لڑنا ہے تو  پیپلز پارٹی لڑنا بھی جانتی ہے ،بلاول بھٹو نے کہاخطے میں عوام بجلی اور گیس کے بھاری بل ادا کر کے اس جنگ کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، خطے میں امن ہوگا تو معاشی مشکلات کم ہوں گی، جنگ ختم نہ ہوئی تو معاشی حالات سنگین ہوں گے۔

انہوں نے کہا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس جنگ کو ختم کرنے کیلئے محنت کر رہے ہیں ، انہوں نے ایران جنگ کے خاتمے کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کی کامیابی کیلئے بھی دعا کی ،بلاول بھٹو نے کہا ہمارے پاس اتنی فزیکل سپیس نہیں کہ ہر شہری کو ریلیف دے سکیں، ایسے منصوبے لانا ہوں گے جن سے عوام کو روزگارکے مواقع ملیں، کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں، انہوں نے شاہراہ بھٹو کو کراچی کے عوام کیلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک شاندار تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں جب بھی کسی نئے منصوبے کا افتتاح ہوتا ہے تو دلی خوشی ہوتی ہے ،کراچی میں جب بھی بڑے ترقیاتی کام ہوئے تو وہ صرف پیپلز پارٹی کے دور میں ہی ممکن ہوئے ، انہوں نے صحت کے شعبے میں حکومتِ سندھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا آج اگر شہریوں کو معیاری اور مفت علاج مل رہا ہے تو وہ پیپلز پارٹی کی بدولت ہے ، این آئی سی وی ڈی اس وقت دنیا میں مفت علاج کرنے والا سب سے بڑا ادارہ بن چکا ہے ، این آئی سی وی ڈی کا حال پہلے کیا تھا ، 18ویں ترمیم کے بعد کیا بنا۔

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ شاہراہِ بھٹو اور لیاری ایکسپریس وے جیسے بڑے منصوبے دینے کے بعد وہ شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو اسی جذبے کے ساتھ مکمل کریں گے ، بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ تھر پارکر میں کوئلے سے بجلی کی پیدا وار اور روزگار کی فراہمی شہید بے نظیر کا خواب تھا، عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے ، کاروباری طبقے کے ساتھ ملکر بڑے منصوبے مکمل کریں گے ، چاہتے ہیں میڈ ان پاکستان دفاعی پیداوار میں کراچی بھی کردار ادا کرے ، مئی کی جنگ میں بھارت کو پاکستان نے عبرتناک شکست دی، پاکستان کی دفاعی پیداوار کی طلب میں تاریخی اضافہ ہوا، دنیا بھر کے ممالک جنگ میں آزمایا ہوا دفاعی سامان خریدنا چاہتے ہیں، اس موقع پر خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پورے پاکستان کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں کہ شاہراہ بھٹو منصوبے کو مکمل کرلیا ہے ،بینظیر بھٹو نے یہ خواب دیکھا تھا۔ بلاول نے اس موقع پر کراچی بندرگاہ سے قیوم آباد کوریڈور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ،انہوں نے مزید 3 نئے میگا منصوبوں کا اعلان کیا،جن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیٹی بندر کے مقام پر ملک کی پہلی جدید بندرگاہ کی تعمیر، سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کا آغازاور ملکی ضروریات کے ساتھ ساتھ ایکسپورٹ کیلئے کراچی میں خصوصی دفاعی پیداوار زون کا قیام شامل ہے ۔ بلاول نے وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ شاہراہ بھٹو پر سفر بھی کیا،ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس ادا کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں