غیر قانونی امیگریشن:3158ایجنٹس گرفتار،جائیداد ضبط،اکاؤنٹس منجمد کردئیے:وزیرمملکت داخلہ
کمبوڈیا سے ڈی پورٹ افراد سے بھاری رشوت لی گئی:شمائلہ رانا ، ایسا ممکن ہی نہیں:طلال چودھری پنجاب کے کچے کے علاقہ میں اب کوئی نو گو ایریا نہیں، مغوی بچی شکارپور میں موجود :قومی اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)وزیرِ مملکت برائے داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول طلال چودھری نے قومی اسمبلی میں کمبوڈیا میں مبینہ سائبر کرائم اور سکیم سے متعلق کیسز میں گرفتار پاکستانی شہریوں کے بارے میں توجہ دلا ئو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جون 2023 سے اب تک غیرقانونی امیگریشن میں ملوث 3158 ایجنٹس کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ ان ایجنٹس کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد ضبط کی گئی جبکہ بڑی رقوم والے بینک اکانٹس منجمد کر دئیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے اندر بھی احتساب کیا گیا ہے جہاں کچھ افسران ایسے نیٹ ورکس کی معاونت میں ملوث پائے گئے ۔ کئی کیسز میں تفتیش کے بعد پوری شفٹس کو ہٹا دیا گیا۔ طلال چودھری نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں مبینہ کردار پر 100 سے زائد ایف آئی اے افسران کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کی گئی جن میں کرمنل کیسز اور سزائیں بھی شامل ہیں۔وزیر نے کہا کہ جاری کریک ڈائون کا مقصد ان منظم نیٹ ورکس کو ختم کرنا ہے جو شہریوں کو غیرقانونی ہجرت کے راستوں اور جعلی ٹریول انتظامات کے ذریعے لوٹتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے کمبوڈیا سے متعلق 286 انکوائریز کیں جن میں سے 111 کرمنل کیسز درج ہوئے ۔ کمبوڈیا میں فی الحال 15000 پاکستانی موجود ہیں جن میں سے بہت سے آن لائن جاب سکیموں کا شکار ہوئے ۔کمبوڈیا کی حکومت نے بھی صورتحال کے پیش نظر ضوابط سخت کر دئیے ہیں۔1272 متاثرہ پاکستانیوں پر عائد 10 لاکھ ڈالر جرمانے کوآرڈی نیشن کے ذریعے معاف کرا دئیے گئے جبکہ ان کی واپسی کے لیے ایمرجنسی ٹریول ڈاکیومنٹس اور پاسپورٹس جاری کیے گئے ۔ شمائلہ رانا نے سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ جو لوگ ڈی پورٹ ہو کر آئے ان سے بھاری رشوت لی گئی۔وزیر مملکت داخلہ نے کہاکہ یہ ممکن ہی نہیں کہ وہاں کوئی پیسے لئے جاتے ہیں،سینکڑوں لوگ ایجنٹوں کے ہاتھوں استعمال ہوتے ہیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے جن لوگوں کو ریسکیو کیا ان کے جرمانے معاف کروائے گئے ،638افراد کو سفری دستاویزات جاری کی گئیں،75شہریوں کے پاسپورٹ دوبارہ جاری کئے گئے ۔ رکن اسمبلی صاحبزادہ صبغت اللہ نے کچے کے ڈاکوئوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والی بچی بارے سوال پر وزیر مملکت طلال چودھری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے کچے کے علاقوں میں اب کوئی نو گو ایریا موجود نہیں۔
شکارپور کے علاقے کوٹ شاہو میں شبہ ہے کہ مغوی بچی موجود ہے اور اس حوالے سے آپریشن جاری ہے ۔ کارروائی کے دوران ایک ڈاکو مارا جا چکا ہے جبکہ کچھ ملوث خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ وزیر مملکت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے اسلام آباد کے کالجز میں بی ایس پروگرامز میں داخلہ لینے والے طلبا کو درپیش مشکلات سے متعلق توجہ دلا ئو نوٹس کے جواب میں کہا کہ تمام تعلیمی اور انتظامی انتظامات ایچ ای سی کی ہدایات اور یونیورسٹی کے معیار کے مطابق ہیں۔ پروگرام کے اندر کوئی ایسے قواعد نہیں ہیں جو ایچ ای سی کی ضروریات یا قائد اعظم یونیورسٹی کے مقرر کردہ معیار کی خلاف ورزی کرتے ہوں۔ قائد حزب اختلاف بیرسٹر گوہر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ہمیشہ ایوان کو مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے ، تاہم اپوزیشن کا مائیک بند کر دیا جاتا ہے اور ان کی تقاریر نشر نہیں کی جاتیں۔خیبرپختونخوا کے وزیر اعلٰی کی آمد پر راستے بند کیے گئے اور انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ ان اقدامات کے خلاف اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں۔ وقفہ سوالات کے آغاز پر کورم کی نشاندہی پر کورم پورا نہ نکلا جس پراجلاس کورم پورا ہونے تک ملتوی کیا گیا۔ بعد ازاں ا سمبلی اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔