’’بھارت کو خطرہ‘‘،کاکروچ جنتا پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ معطل
اکاؤنٹ کامواد قومی سلامتی اور خودمختاری کیلئے خطرہ ہے :بھارتی انٹیلی جنس بیورو اپوزیشن جماعتوں اور سیاسی شخصیات کی جانب سے اکاؤنٹ معطل کرنے پر تنقید
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )انڈیا میں ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘کے نام سے شروع ہونے والی طنزیہ سوشل میڈیا مہم کا ایکس اکاؤنٹ حکومت نے معطل کر دیا، جس کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے ۔ مہم کے بانی ابھیجیت دیپکے نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ان کے اکاؤنٹ کو بھارت میں بلاک کر دیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اقدام انٹیلی جنس بیورو کی سفارش پر کیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ اکاؤنٹ پر موجود مواد قومی سلامتی اور خودمختاری کیلئے خطرہ بن سکتا ہے ۔یہ مہم اس وقت شروع ہوئی جب سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سوریہ کانت کے ایک بیان کو نوجوانوں نے توہین آمیز قرار دیتے ہوئے ردعمل دیا۔ ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ نوجوانوں کو کاکروچ اور کیڑے مکوڑے قرار دینے کے بعد انہوں نے طنزیہ انداز میں کاکروچ جنتا پارٹی قائم کی، جسے نوجوانوں میں غیر معمولی پذیرائی ملی۔مہم کی ویب سائٹ کے مطابق چند ہی دنوں میں دو لاکھ سے زائد افراد نے رکنیت حاصل کی جبکہ انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ اپوزیشن جماعتوں اور سیاسی شخصیات نے اکاؤنٹ کی معطلی پر تنقید کی ہے ۔ کانگریس رہنما ششی تھرور نے اسے آزادیِ اظہار کے خلاف اقدام قرار دیا جبکہ سی پی آئی ایم ایل لبریشن نے بھی فیصلے کی مذمت کی۔سیاسی تجزیہ کار یوگندرا یادیو کے مطابق یہ مہم صرف مذاق نہیں بلکہ نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی بے چینی اور سیاسی مایوسی کی علامت ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس قسم کی پابندیاں مستقبل میں مزید سنجیدہ سیاسی تبدیلیوں کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔