اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا مندی پر اختتام،45ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا مندی پر اختتام،45ارب خسارہ

670پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 167844پربند،حجم34.08فیصد کم رہا

کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا ایران جنگ بندی سے متعلق پیشرفت کے باوجود خام تیل کی عالمی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کے باعث اسٹاک ایکسچینج میں تین روزہ وقفے کے بعد جمعہ کو مندی رہی جس سے انڈیکس کی 1لاکھ 68ہزار پوائنٹس کی سطح گرگئی۔ مندی کے سبب 58فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 45ارب سے زائد روپے ڈوب گئے ۔دوسری جانب کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا جس سے ایک موقع پر 1110پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 69ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی مگر پرافٹ ٹیکنگ کے سبب سیمنٹ، پاور اور ریفائنری سیکٹر اسٹاکس میں جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی جس سے ایک موقع پر 1034پوائنٹس مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ن۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 670 پوائنٹس کی کمی سے 167844 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 271 پوائنٹس کی کمی سے 50308پوائنٹس اورآل شیئر انڈیکس 244 پوائنٹس کی کمی سے 101190پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 34.08فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز 48کروڑ 08لاکھ 81ہزار 521 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر486 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 160 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 280 میں کمی اور 46 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں