ٹرمپ نے نیشنل انٹیلی جنس کی سربراہ کو استعفیٰ دینے پر مجبور کر دیا
وائٹ ہاؤس نے تلسی گیبارڈ کے استعفی ٰکی وجوہات نہیں بتائیں، ٹرمپ نے ان سے اختلافات کے اشارے دئیے تھے ایئرن لوکاس قائم مقام ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس مقرر،شوہر کو ہڈیوں کا کینسر ،اسی لئے عہدہ چھوڑ رہی ہوں: گیبارڈ
واشنگٹن (رائٹرز)تلسی گیبارڈ نے کہا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر میں ہڈیوں کے کینسر کی ایک نایاب قسم کی تشخیص ہوئی ہے ، اور وہ ان کی دیکھ بھال کے لیے اپنے عہدے سے الگ ہو رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ استعفیٰ 30 جون سے مؤثر ہوگا۔ معاملے سے واقف ایک ذریعے نے بتایا کہ گیبارڈ کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے عہدہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ گیبارڈ نے استعفیٰ کیوں دیا۔ ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ نیشنل انٹیلی جنس کے پرنسپل ڈپٹی ڈائریکٹر ایئرن لوکاس قائم مقام ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کے طور پر خدمات انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گیبارڈ نے بہترین کام کیا ہے ۔ٹرمپ نے ماضی میں ایران کے بارے میں اپنے اور گیبارڈ کے مؤقف میں اختلافات کے اشارے دئیے تھے اور مارچ میں کہا تھا کہ وہ تہران کے جوہری عزائم کو روکنے کے معاملے میں ان کے مقابلے میں زیادہ نرم ہیں۔ اپریل میں متعدد ذرائع نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ گیبارڈ ایک وسیع کابینہ ردوبدل کے دوران اپنا عہدہ کھو سکتی ہیں، اس وقت ایک سینئر وائٹ ہاؤس اہلکار نے کہا تھا کہ ٹرمپ نے حالیہ مہینوں میں گیبارڈ کے بارے میں ناراضی کا اظہار کیا ہے ۔ ایک اور ذریعے نے جسے معاملے کا براہ راست علم تھا، بتایا کہ صدر نے اپنے اتحادیوں سے ممکنہ متبادل کے بارے میں رائے مانگی تھی۔