ای سی سی:ایم ایل ون ڈیزائن، لواری ٹنل منصوبوں کی منظوری
حویلیاں ڈرائی پورٹ،تھر کول ریل کنیکٹویٹی ،کچھی کینال منصوبہ بھی منظور کرلیاگیا سندھ فلڈ ری ہیبلی ٹیشن سپورٹ ، دیامر بھاشا ڈیم سے متعلق انتظامات کابھی جائزہ
اسلام آباد (اے پی پی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں تمام صوبوں اور خطوں کی ترقیاتی ترجیحات کی منظوری دی گئی اور قومی ترقیاتی اقدامات کو مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور سماجی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔بیان کے مطابق اجلاس میں منظور کیے گئے کلیدی منصوبوں میں ایم ایل ون کا تفصیلی ڈیزائن، حویلیاں ڈرائی پورٹ، لواری ٹنل تک رسائی کے منصوبے ، تھر کول ریل کنیکٹویٹی اور کچھی کینال شامل ہیں۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے آبپاشی نظام میں بہتری، جناح ہسپتال اسلام آباد، سندھ ہیومن کیپٹل 1000 ڈیز پروگرام، سندھ فلڈ ری ہیبلی ٹیشن سپورٹ اور دیامر بھاشا ڈیم سے متعلق انتظامات بھی اجلاس کا حصہ تھے ۔نائب وزیراعظم نے اجلاس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، بہتر عوامی خدمات، علاقائی توازن اور طویل مدتی اقتصادی مضبوطی کے عزم کا اعادہ کیا۔