روزگار کی تلاش ،4 ماہ میں ڈھائی لاکھ پاکستانی بیرون ملک منتقل
1078 ڈاکٹرز، 2 ہزار انجینئرز،1650 اکاؤنٹنٹس ،ڈیڑھ لاکھ مزدوربھی شامل سعودی عرب، یو اے ای اور قطر پاکستانی افرادی قوت کی بڑی منزلیں رہیں: رپورٹ
لاہور(آئی این پی)بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں رواں سال کے صرف ابتدائی 4 ماہ کے دوران ڈھائی لاکھ پاکستانی بیرون ملک چلے گئے ۔ پاکستانیوں کی سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر بڑی منزلیں رہیں ، متحدہ عرب امارات جانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے 4ماہ میں 1078 ڈاکٹرز، دو ہزار انجینئرز، 419نرسز اور 1650 اکاؤنٹنٹس ،ڈیڑھ لاکھ مزدور، 45ہزار ڈرائیور ، ساڑھے9ہزار کک ، 1235الیکٹریشنز، 818 مکینکس اور 550کمپیوٹر ماہرین ملک چھوڑ گئے ۔ ان میں سے 1لاکھ 36ہزار 488 پاکستانیوں نے سعودی عرب کا رخ کیا۔ متحدہ عرب امارات جانے والوں کی تعداد میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ دیکھا گیا۔ دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال مجموعی طور پر 52ہزار 500پاکستانی دبئی گئے تھے تاہم رواں سال صرف 4ماہ میں ہی 50ہزار پاکستانی دبئی چلے گئے ۔اسی عرصہ میں قطر کیلئے 25ہزار 500، بحرین 10ہزار 129 ،ترکیہ 3ہزار، برطانیہ 1100اور امریکا میں 300پاکستانیوں نے روزگار حاصل کیا۔دستاویزات کے مطابق 850پاکستانی چین، 1286یونان، 1283عراق جبکہ 577پاکستانی جاپان منتقل ہوئے ۔ گرین لینڈ، تنزانیہ، ترکمانستان اور مغربی افریقہ کیلئے کسی پاکستانی کی روانگی ریکارڈ نہیں ہوئی۔