ایف آئی اے لاہور کی کارروائی، کرپشن میں ملوث4ملازم گرفتار
پروٹیکٹر آف امیگرنٹس آفس لاہور کے چاروں ملازم شہریوں سے رشوت لیتے تھے حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کیخلاف بھی آپریشن،شاہ عالم مارکیٹ سے 2 ملزم گرفتار
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور کی بڑی کارروائی، کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث4ملازم گرفتار کر لئے گئے ۔ترجمان کے مطابق پروٹیکٹر آف امیگرنٹس آفس لاہور کے 4ملازم بیرونِ ملک جانے والے شہریوں کے کیس پراسس کرنے میں رشوت لینے کی خاطر جان بوجھ کر تاخیر کرتے تھے اور ساز باز کرکے شہریوں سے رشوت وصول کرتے تھے ،گرفتار 4 ملزموں میں ڈی ای او، ایل ڈی سی، چوکیدار اور سینیٹری ورکر شامل ہے ۔ ترجمان کے مطابق درخواست گزار کا کیس پراسس کرنے کیلئے ملزموں نے شہری سے 1 لاکھ روپے بطور رشوت وصول کی ۔دوسری طرف حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کیخلاف کریک ڈاؤن کے د وران 2 ملزموں کو شاہ عالم مارکیٹ لاہور سے گرفتار کر لیا گیا،دونوں ملزموں کے قبضہ سے 10 لاکھ سے زائد روپے بھی برآمد کئے گئے ۔ملزموں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔