پنجاب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کا انخلا جاری
لاہور سمیت صوبہ بھر سے 35 ہزار افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا:پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ،پنجاب پولیس اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر سے 35 ہزار سے زائد غیر قانونی مقیم افراد کو ڈی پورٹ کر چکی ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پورٹ کئے جانے والوں میں افغان باشندوں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ اس وقت بھی 163 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والوں میں 13 ہزار 728 مرد، 7 ہزار 48 خواتین اور 14 ہزار 366 بچے شامل ہیں ،ان افراد میں 10 ہزار 898 رہائشی ثبوت رکھنے والے ، 11 ہزار 131 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 13 ہزار 113 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔