حکومت پالیسی کے تسلسل اور مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر کار بند: وفاقی وزیر خزانہ

 حکومت پالیسی  کے تسلسل اور مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے  پر کار بند: وفاقی وزیر خزانہ

محصولات میں اضافہ اور موثر نفاذ اصلاحاتی پروگرام کے بنیادی ستون :محمد اورنگزیب ، برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات ڈیجیٹلائزیشن اور نگرانی کے جدید نظام سے محصولات کی وصولی اور تعمیل میں بہتری آئی:پی ٹی سی کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پالیسی کے تسلسل، مالیاتی نظم و ضبط اور ساختیاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر پوری طرح کاربند ہے ، جبکہ محصولات میں اضافہ اور موثر نفاذ حکومت کے مالیاتی اصلاحاتی پروگرام  کے بنیادی ستون ہیں۔پیر کو وفاقی وزیر خزانہ سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعاون، اقتصادی اصلاحات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے بدلتی ہوئی عالمی اقتصادی صورتحال، علاقائی جغرافیائی و سیاسی پیش رفت اور توانائی کی عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے تناظر میں حکومت کی معاشی پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معیشت میں استحکام برقرار رکھنے ، بیرونی شعبے پر دباؤ کم کرنے اور طویل المدتی اقتصادی ترقی کیلئے اصلاحاتی عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے بیرونی کھاتوں میں بہتری، ترسیلاتِ زر میں اضافے اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے ، محصولات میں اضافے ، تعمیل کے نظام کو مضبوط بنانے اور ٹیکنالوجی و ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے شفافیت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عوامی سطح پر موثر ابلاغ اور رابطہ کاری اصلاحاتی ایجنڈے کیلئے حمایت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دونوں فریقین نے عالمی سپلائی چینز کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تعاون اور مسلسل مکالمے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

دوسری جانب وزیر خزانہ سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے وفد نے بھی ملاقات کی، جس کی قیادت ایریا ڈائریکٹر و جنرل منیجر پاکستان عثمان ظہور کر رہے تھے ۔ ملاقات میں تمباکو کے شعبے ، ٹیکس اصلاحات، غیر قانونی تجارت، برآمدی مسابقت اور نفاذی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن، نگرانی کے جدید نظام اور اداروں کے درمیان مربوط کارروائیوں کی بدولت چینی، سیمنٹ، مشروبات، ٹیکسٹائل اور تمباکو سمیت مختلف شعبوں میں محصولات کی وصولی اور تعمیل میں بہتری آئی ہے جبکہ غیر قانونی اور غیر دستاویزی سرگرمیوں کی روک تھام میں بھی مدد ملی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں