ایف پی سی سی آئی کی ملک کو تجارتی و بجٹ خسارے سے نکالنے کیلئے تجاویز

 ایف  پی سی سی آئی کی ملک کو تجارتی  و بجٹ خسارے سے نکالنے کیلئے تجاویز

پانچ سال میں مجموعی جی ڈی پی 688ارب ڈالرتک لے جا سکتے ہیں:سی ای او تھنک ٹینک احمد نواز سکھیرا پاکستان کو اکنامک سپر پاور بنانے کیلئے نجی شعبے کو ساتھ کھڑا کرنا ہو گا:گوہر اعجاز،ایس ایم تنویر و دیگر کا خطاب

لاہور(کامرس رپورٹر سے ،آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک)ایف پی سی سی آئی نے پہلی مرتبہ شیڈو بجٹ اور پالیسی پیش کر دی،پانچ سال میں مجموعی جی ڈی پی 688ارب ڈالر،برآمدات 80 ارب ڈالر،تجارتی اور بجٹ خسارہ صفر کرنے کی تجاویز پیش کر دی ،قابل ٹیکس آمدنی کی حد 8 لاکھ روپے سالانہ سے بڑھانے ،ہاؤسنگ سیکٹر کی ٹرانزیکشنز پر ٹیکس 5اعشاریہ5 فیصد سے کم کر کے 0اعشاریہ 5 فیصد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے ۔ فیڈریش آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ریجنل آفس لاہور میں اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ تھنک ٹینک کی سفارشات کی تقریب رونمائی کی گئی۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز ،ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ،نائب صدر ذکی اعجاز ،یونائیٹڈ بزنس مین گروپ کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر بھی موجود تھے ۔تھنک ٹینک کے سی ای او احمد نواز سکھیرا نے سفارشارت پر بریفنگ میں کہا کہ ہماری تجارتی خسارہ صفر کرنے کی سفارشات پر عمل کیا جائے تو پانچ سال میں ملکی جی ڈی پی 688 ارب ڈالر تک لے جا سکتے ہیں،ٹیکس پالیسی کیلئے کارپوریٹ ٹیکس کو 29 سے 25فیصد پر لایا جائے ،تنخواہ دار پر ٹیکس 35 فیصد سے کم کرکے 20 فیصدپر لایا جائے۔

نان فائلر کیٹیگری ختم کی جائے ، شیڈو بجٹ میں نئے این ایف سی ایوارڈ کے اجراکو طویل عرصے تک موخر نہ کرنے ، دفاعی اخراجات میں 35 فیصد اضافے ،پنشنز میں 23 فیصد اضافے ،سبسڈیز میں چار فیصد کمی کی بھی تجویز دی گئی ہے ۔تقریب میں سابق نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہاکہ اپنی طرف سے حکومت کوسفارشات پیش کی ہیں، حکومت اس شیڈو بجٹ کو لے کر چلے تو بجٹ سرپلس ہو جائے گا، آج پاکستان دفاعی لحاظ سے اپنا لوہا منوا چکا ،پاکستان کو اب معاشی محاذ پر لوہا منوانا ہے ،پاکستان کو اکنامک سپر پاور بنانا ہے تو نجی شعبے کو ساتھ کھڑا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ نہ ہونے پر افسوس ہے ،میرا خواب ہے کہ 2031 تک برآمدات 80 ارب ڈالر کر یں۔ سابق نگران وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا ، 40 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہمارا بڑا مسئلہ ہے ،پانچ سال میں مالیاتی خسارہ صفر اور بجٹ سرپلس کیسے کرنا ہے یہی خواب ہے ۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذکی اعجاز نے کہا کہ پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پالیسی پیش کر رہے ہیں،صنعی ترقی و معاشی گروتھ کی تجاویز دے رہے ہیں،پاکستان روایتی انداز سے آگے نہیں بڑھ سکتا۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ اکنامک تھنک ٹینک نے بہترین کام کیا ،ہماری تجاویز ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں