پرنس رحیم آغا خان کا چترال اور گلگت بلتستان کا دورہ مکمل

پرنس رحیم آغا خان کا چترال اور گلگت بلتستان کا دورہ مکمل

چترال میں گورنر اور وزیر اعلیٰ کے پی کے نے استقبال کیا، ترقیاتی منصوبوں پرگفتگو گلگت بلتستان میں عقیدت مندوں کیساتھ مذہبی اور سماجی تقریبات میں شرکت

پشاور،گلگت (اے پی پی) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغاخان نے چترال اور گلگت بلتستان کا دورہ مکمل کر لیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور مختلف ترقیاتی، سماجی اور فلاحی امور پر اہم ملاقاتیں ہوئیں۔چترال آمد پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم  کنڈی ، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی ، صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ چترال ایئرپورٹ پر مقامی ثقافت اور روایات کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا۔ پرنس رحیم آغا خان نے گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا میں آغاخان فاؤنڈیشن کے جاری اور نئے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پرنس رحیم آغا خان نے خیبرپختونخوا میں فلاحی اداروں کا دائرہ کار بڑھانے کی یقین دہانی کرائی، بعد ازاں گورنر اور وزیر اعلیٰ نے انہیں چترال ایئرپورٹ پر رخصت بھی کیا۔قبل ازیں پرنس رحیم آغا خان گلگت بلتستان کا دورہ مکمل کرکے چترال پہنچے تھے ،گلگت بلتستان میں انہوں نے ہنزہ، گوجال، گاہکوچ، غذر، گلگت اور چترال میں مختلف مذہبی اور سماجی تقریبات میں شرکت کی، جہاں لاکھوں عقیدت مند دیدار کیلئے موجود تھے ۔ گلگت ہیلی پیڈ پر انہیں باوقار انداز میں الوداع کیا گیا، جہاں نگران وزیر اعلیٰ، گورنر اور اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں