عیدالاضحیٰ پر جیلوں میں قیدیوں کیلئے خصوصی سہولیات کی ہدایات
آئی جی جیل خانہ پنجاب کا اہم ڈیوٹی پوائنٹس پر پنکھوں کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم
لاہور (این این آئی) عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر کی جیلوں میں اسیران اور ملازمین کی سہولت کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئیں۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی جانب سے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں نظم و ضبط، سکیورٹی، اسیران کی فلاح و بہبود اور ملازمین کی سہولت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔مراسلے کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پہلے روز تمام اسیران کو اپنے قریبی رشتہ داروں سے ملاقات کی اجازت ہوگی۔ ملاقاتی مقررہ قواعد کے تحت کھانا بھی لا سکیں گے ۔ ملاقات صرف والدین، بہن بھائی، بیوی، بیٹا اور بیٹی تک محدود ہوگی اور یہ ملاقات انٹرویو شیڈ میں کرائی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کیلئے مناسب شیڈ، پینے کے صاف پانی، بیٹھنے اور قطار بندی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ عید کے دوسرے روز اسیران کیلئے صرف کھانا جمع کروانے کی اجازت ہوگی۔شدید گرمی کے پیش نظر اسیران کو بارکوں اور سایہ دار مقامات پر رکھنے ، پنکھوں، کولرز اور وینٹیلیشن کی فعالیت یقینی بنانے اور ٹھنڈے پانی کی مسلسل فراہمی کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔آئی جی جیل پنجاب نے واچ ٹاورز اور اہم ڈیوٹی پوائنٹس پر پنکھوں کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے ۔ملازمین کیلئے دوران ڈیوٹی ٹھنڈے پانی، لسی اور حفاظتی اشیا کی فراہمی جبکہ جیل ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک روم فعال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔