جانوروں کی آلائشیں ڈالنے کیلئے ویسٹ بیگز تقسیم:عظمیٰ بخاری
37 لاکھ جانوروں کی قربانی متوقع، ایک کروڑ 20 لاکھ بیگز تقسیم ہوں گے شہری بیگز میں آلائشیں ڈال کر مخصوص جگہ رکھیں، ورنہ 50 ہزار جرمانہ
لاہور (اے پی پی) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے شہروں اور دیہات میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں محفوظ اور ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس سال پنجاب میں 35 سے 37 لاکھ جانوروں کی قربانی متوقع ہے ، جس کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ ماحول دوست ویسٹ بیگز فراہم کیے جا رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری کے مطابق شہری قربانی کے بعد آلائشیں ویسٹ بیگز میں ڈال کر مخصوص مقامات پر رکھیں، جہاں سے ستھرا پنجاب کا عملہ انہیں اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں ویسٹ بیگز کی تقسیم کے لیے خصوصی کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو مفت بیگز فراہم کیے جا رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور آلائشیں جگہ جگہ پھینکنے کے بجائے مقررہ جگہوں پر رکھیں تاکہ صفائی کا نظام بہتر بنایا جا سکے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی اور 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔