ڈار کا کویتی وزیرخارجہ سے رابطہ ،خطے میں امن پر گفتگو

 ڈار کا کویتی وزیرخارجہ سے رابطہ ،خطے میں امن پر گفتگو

شیخ جراح کی امن و سلامتی کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف نائب وزیراعظم سے بیلجیئم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی کی ملاقات

اسلام آباد(اے پی پی)نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے کویت کے وزیرِ خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں خطے اور دنیا میں جاری بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شیخ جراح نے پاکستان کے مسلسل مصالحتی کردار اور امریکا و ایران کے درمیان روابط و مذاکرات میں سہولت کاری کی کوششوں کو سراہااور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔ نائب وزیرِاعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سفارتکاری اور مسلسل مذاکرات کو خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کا بہترین راستہ سمجھتا ہے اور اس کی حمایت جاری رکھے گا۔دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں جلد مثبت نتائج دیں گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوں گی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی بھی توثیق کی اور آئندہ بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔دریں اثنا اسحاق ڈار سے بیلجیئم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نائب صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے مثبت نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے سفیر کو ہدایت کی کہ وہ اس دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر عملدرآمد کی پیروی جاری رکھیں اور یورپی یونین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے کوششیں تیز کریں جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں