بلوچستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ، فتنہ الیندوستان کے 17 دہشتگرد ہلاک
24 مئی ریل حادثے کے بعد مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے ہتھیار، باردو ، دھماکا خیز مواد اور ڈیوائسز برآمد،دہشتگردی کے خاتمہ کی مہم جاری رہے گی:آئی ایس پی آر
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 17دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 24 مئی 2026 کو پیش آنے والے ریل حادثے کے بعد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان کے اضلاع مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں کارروائیاں کیں۔اس دوران سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلوں کے دوران بھارتی سپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ہلاک دہشت گردوں کے زیرقبضہ ہتھیار، باردو اور بڑے پیمانے دھماکا خیز مواد اور مواد تیار کرنے کی ڈیوائسز برآمد کرلی گئیں۔ ہلاک دہشت گرد بلوچستان کے علاقوں میں دہشت گردی کے کئی اہم واقعات میں ملوث رہے تھے ۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے سے دہشت گردوں کے صفایا کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے ، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خاتمہ کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی اسپانسرڈ اور تعاون سے جاری دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہو۔