لاہور میں بارش، دیوار گرنے سے 2زخمی، 160 فیڈرز ٹرپ
بعض علاقوں میں ژالہ باری ،کوہاٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق آج بھی بارش ،بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ،گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ
لاہور،اسلام آباد،گوجرانوالہ (اپنے کامرس رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر ،سٹی رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگو ار ،ا س دوران لاہور کے نواح نین سکھ میں دیوار گرنے سے 2افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ لیسکو ریجن میں 160 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور ،حافظ آباد سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، نین سکھ میں طوفانی بارش کے نتیجہ میں دیوار گر گئی جس کی زد میں آکر 45 سالہ مقبول اور 35 سالہ آصف زخمی ہو گئے ، دونوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ موسلادھار بارش اور آندھی کے باعث لیسکو کے 160 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ،لاہور کے مختلف علاقوں میں 72 فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی۔
ادھر گوجرانوالہ ریجن میں دن بھر حبس اور گرمی کے بعد بارش نے درجہ حرارت میں کمی کر دی ۔ نوشہرہ ورکاں کے متعدد دیہات میں ہلکی ژالہ باری بھی ہوئی ۔ پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں دوسرے روز بھی موسلادھار بارش اور متعدد علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جبکہ قبائلی ضلع کرم کی وسطی تحصیل کے علاقے پاڑہ چمکنی گنداؤ میں آسمانی بجلی گرنے سے محمد نبی اور گل محمد موقع پر دم توڑ گئے ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب بھر میں گرد آلود ہوائیں اور بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے ۔این ڈی ایم اے نے آئندہ 12سے 24گھنٹوں کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے کہا ہے کہ اسلام آباد ، پنجاب ، خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ، بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے ۔شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے ، لینڈ سلائیڈنگ اورندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے ۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے جون 2026 کیلئے پیشگوئی میں کہا ہے کہ بعض علاقوں میں بارشیں معمول سے کم،گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں معمول سے زیادہ ہو سکتی ہیں ۔