آلودگی کے خاتمے کیلئے زیرو ایکشن نظر آتا ہے : آئینی عدالت
گرین لائن اور ریڈ لائن بسیں چلانے سے کیا آلودگی کم ہو جائے گی:جسٹس رضوی کسی صوبے کی مؤثر کارکردگی نہیں:ریمارکس، وفاق اور صوبوں سے رپورٹس طلب
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)جسٹس حسن رضوی کی سربراہی میں وفاقی آئینی عدالت کے تین رکنی بینچ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس میں وفاقی حکومت اور تمام صوبوں سے تازہ رپورٹس طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بتایا جائے آلودگی کے خاتمے کیلئے اب تک کیا عملی اقدامات کیے گئے ۔ عدالت نے مونال ہوٹل سے متعلق دائر نظرثانی درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس حسن رضوی نے ریمارکس دیئے کہ صرف گرین لائن اور ریڈ لائن بسیں چلانے سے کیا آلودگی کم ہو جائے گی۔ جس سڑک سے گزرتا ہوں بدبو محسوس ہوتی ہے ، یہ بدبو بھی آلودگی کی ایک قسم ہے ۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ آلودگی کے خاتمے کیلئے زیرو ایکشن نظر آتا اور کسی بھی صوبے میں آلودگی کے خلاف مؤثر کارکردگی دکھائی نہیں دیتی۔ جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کہ آلودگی کا خاتمہ متعلقہ ماحولیاتی ایجنسیوں کی ذمہ داری ہے ۔ اگر ادارے قانون کے مطابق اقدامات کریں تو عدالتوں کو مداخلت کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔