گلگت بلتستان : آج انتخابات، 24 نشستوں پر 403 امیدوار

گلگت بلتستان : آج انتخابات، 24 نشستوں پر 403 امیدوار

7خواتین ،266آزاد امیدوار شامل،پی پی ،ن لیگ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع 480 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس، دیامر میں دفعہ 144کا نفاذ ، گلگت میں انٹرنیٹ سروس بند

گلگت،دیامر،چلاس (نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)گلگت بلتستان میں 2026ء کے الیکشن کی تیاریاں مکمل،آج7جون بروز اتوار کو پولنگ ہوگی،24 نشستوں پر 403 امیدواروں میں مقابلہ ہو گاجن  میں 7خواتین اور266آزادامیدواربھی شامل ہیں،پی پی ،ن لیگ بڑی جماعتیں ،ان کے درمیان کانٹے کامقابلہ متوقع،ضلع دیامر میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا جبکہ گلگت شہر میں انٹرنیٹ سروس اچانک بندکر دی گئی،دوسری طرف انتخابی نتائج کے بعد حکومت سازی کیلئے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 17 نشستوں کی حمایت درکار ہوگی تاکہ سادہ اکثریت حاصل کرکے حکومت بنائی جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کی مجموعی طور پر 33نشستوں میں سے 24 پر آج انتخابات ہونگے ، اسمبلی کی 6 نشستیں خواتین اور 3نشستیں ٹیکنوکریٹس کیلئے مخصوص ہیں۔ پیپلزپارٹی نے اسمبلی میں 23، ن لیگ نے 22، آئی پی پی 15، پاکستان مسلم لیگ 11، جے یو آئی 9، وحدت المسلمین کے 7، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6 نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں ۔علاوہ ازیں جی بی کے الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے 1368 پولنگ سٹیشن قائم کئے ، جن میں سے 480 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس، 350 حساس جبکہ 457 نارمل قرار دئیے گئے ہیں۔ امیدواروں کے چناؤ کیلئے مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے ، ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 3 ہزار 772 جبکہ خواتین کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 708 ہے۔

صوبائی انتظامیہ نے سکیورٹی کی تیاریاں بھی مکمل کر لیں، الیکشن کے دوران 15 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے ،ہزاروں کی تعداد میں انتخابی عملے کو بھی ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے ، الیکشن ڈیوٹی پر مامور ساڑھے 7ہزار افسر وں اور ملازمین کیلئے 27کروڑ60لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ضلع دیامر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت اسلحہ کی نمائش ، ہوائی فائرنگ پربھی مکمل پابندی ہوگی۔ گلگت بلتستان کے انتخابی حلقے جی بی اے 17 داریل کے علاقے ڈوڈشال میں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد زمان کے حامیوں کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ ڈاکٹر محمد زمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملے میں خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ،واقعہ کے ذمہ دار پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد نسیم ہیں ،انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری اور شفاف تحقیقات کرائیں ۔

ادھر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے بھائیو اور بہنو!پیپلز پارٹی 3 نسلوں سے آپ کے حقِ حاکمیت کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ، اب میں نے ، آپ نے اور نئی نسل نے جدوجہد کرنی ہے ، 7 جون کو تیر پر مہر لگا کر پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں تاکہ آپ کے حقِ حاکمیت کیلئے اسلام آباد میں آواز اٹھا سکوں، پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں گے تو ہم نعرہ لگائیں گے کہ ’’پانچوں صوبوں کی زنجیر، جیئے بھٹو، جیئے بینظیر ‘‘۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کو کسی صورت الیکشن نہیں کہا جاسکتا ،تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، تحریک انصاف کے خلاف تمام ناجائز حربے استعمال کئے گئے ،انتخابی نشان چھینا گیا، پابندیاں لگائی گئیں، یہ اپنے من پسند الیکشن کروانا چاہتے ہیں، ابھی سے فیصلہ ہوچکا کس کی کتنی سیٹیں ہوں گی،حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں