پٹرولیم لیوی ختم کریں، بجٹ عوام دشمن ہوا تو ملک گیر احتجاج کرینگے : حافظ نعیم
حکومت اپنی شاہ خرچیاں کم نہیں کرتی،توانائی کی قیمتیں 3سال کیلئے منجمدکی جائیں سوا لاکھ ماہانہ تنخواہ والے شخص کو ٹیکس فری کیا جائے :منصورہ میں پریس کانفرنس
لاہور (نیوزایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے ، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے اور مقامی حکومتوں کو آئینی تقاضوں کے مطابق بااختیار بنایا جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام دشمن بجٹ پیش کیا گیا یا پٹرولیم لیوی برقرار رکھی گئی تو جماعت اسلامی ملک گیر احتجاجی تحریک، ہڑتال اور دیگر جمہوری آپشنز استعمال کرنے پر مجبور ہوگی۔ منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت ہر ہفتے عوام پر نئے مالی بوجھ ڈال رہی ہے جبکہ اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کیلئے تیار نہیں۔
تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس ادا کر رہا ہے، اس لئے کم از کم ایک لاکھ پچیس ہزار روپے ماہانہ آمدنی تک افراد کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور دیگر ملازمین پر بھی ٹیکسوں میں نمایاں کمی کی جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں کم از کم تین سال کیلئے منجمد کی جائیں تاکہ معیشت کو استحکام مل سکے۔ حافظ نعیم الرحمن نے صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یرغمالیوں کو خوراک اور پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں بحفاظت وطن واپس لایا جائے
۔انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں خونریزی جاری ہے ،شہباز شریف کا امریکی صدر کو امن کا پیامبر کہنا قومی وقار کے منافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل مزید آئینی تجربات میں نہیں بلکہ مضبوط اور بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام میں ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو غربت کے خاتمے میں غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو خیرات کے بجائے تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں۔